ٹرمپ نے خود کو وینزویلا کا عبوری صدر قرار دے دیا
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں انہوں نے خود کو “وینزویلا کا عبوری صدر” قرار دیا ہے، جس کا آغاز جنوری 2026 سے بتایا گیا ہے۔
ٹرمپ کی شیئر کردہ تصویر میں ان کے ساتھ یہ تحریر بھی شامل تھی کہ وہ وینزویلا کے عبوری صدر ہونے کے ساتھ ساتھ امریکا کے 45 ویں اور 47 ویں صدر بھی ہیں۔ یہ دعویٰ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکا نے وینزویلا میں ایک فوجی کارروائی کی تھی، جس کے بعد وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو گرفتار کرکے نیویارک منتقل کیا گیا، جہاں ان پر سنگین منشیات کے الزامات عائد کیے گئے۔
تاہم بین الاقوامی میڈیا اور مبصرین کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کی یہ تصویر ڈیجیٹل طور پر تبدیل کی گئی معلوم ہوتی ہے اور اس کا کوئی قانونی یا آئینی جواز موجود نہیں ہے۔ کسی بھی حکومت یا بین الاقوامی ادارے نے ٹرمپ کو وینزویلا کا عبوری صدر تسلیم نہیں کیا۔
اس واقعے نے عالمی سطح پر امریکا کے وینزویلا میں کردار اور بین الاقوامی قوانین و خودمختاری کے مسائل پر نئی بحث کو جنم دیا ہے۔