قومی سلامتی پر زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی، فیلڈ مارشل

0 5

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملک کو درپیش ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی سلامتی پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر مکمل عملدرآمد جاری رہے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) اور ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہیں فارمیشن کی آپریشنل تیاری، تربیتی معیار اور جنگی صلاحیتوں میں اضافے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

دورے کے دوران انہوں نے خصوصی فیلڈ ٹریننگ مشق کا مشاہدہ کیا، جس میں جدید جنگی ٹیکنالوجیز کے عملی استعمال کا مظاہرہ کیا گیا۔ یہ مشق مستقبل کے جنگی تقاضوں سے ہم آہنگی، جدت اور لچک کی عکاس تھی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے فوجی جوانوں کے لیے فراہم کردہ کھیلوں اور تفریحی سہولیات کا بھی جائزہ لیا اور جسمانی فٹنس، بلند حوصلے اور فلاح و بہبود کی اہمیت پر زور دیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے سی ایم ایچ لاہور کے جدید ہائی کیئر سینٹر کا دورہ کیا اور طبی سہولیات کی فراہمی پر انتظامیہ اور عملے کی کاوشوں کو سراہا۔

افسران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فوج قومی سلامتی کو درپیش کثیرالجہتی چیلنجز کا مقابلہ مکمل پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور عزم کے ساتھ کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسلح افواج ملک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اندرونی استحکام کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔

قبل ازیں کور کمانڈر لاہور نے لاہور گیریژن آمد پر چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کیا۔

Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.