سندھ حکومت کا کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف گرینڈ آپریشن کا اعلان
سندھ کے وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج سے کارروائی کا باقاعدہ آغاز ہوچکا ہے اور ڈاکوؤں کا مکمل صفایا کیا جائے گا۔
سکھر میں امن و امان سے متعلق اجلاس کی صدارت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ جو ڈاکو ہتھیار ڈال کر خود کو قانون کے حوالے کرے گا، اسے ایک موقع دیا جائے گا، تاہم جو عناصر مزاحمت کریں گے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کچہ اور پکا دونوں علاقوں میں جرائم کے خاتمے کے لیے مربوط اور مؤثر حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے ذریعے ڈاکوؤں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
فوج کی تعیناتی سے متعلق سوال پر وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ فی الحال اس کی ضرورت نہیں، سندھ پولیس اور رینجرز جرائم پیشہ عناصر سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔