نیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آباد کی 2025 کی کامیابیوں کی تعریفی تقریب
ملازمین کیلئے منعقدہ تعریفی تقریب کا آغاز کرتے ہوئے، مہمانِ خصوصی، وزیرِ مملکت برائے وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، محترمہ وجیہہ قمر صاحبہ نے نیشنل سکلز یونیورسٹی آسلام آباد کی ترقی کو “مثالی” قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ ہنر، پائیداری اور اختراع کے ایسے متنوع تعلیمی نظام کو ملک بھر میں اپنایا جائے۔ یہ بیان اس باوقار تقریب کے رسمی اجتماع کو بامعنی ترقی کے آئینے کے طور پر پیش کرتا ہے۔ یہ صرف ایک تقریب نہیں، بلکہ ایک واضح اعلانِ ہے کہ ہنر، ماحولیاتی ذمہ داری اور عالمی معیار پر مبنی یونیورسٹیاں خاموشی کے ساتھ مگر فیصلہ کن انداز میں قوم کے مستقبل کی تشکیل میں اپنا اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
اساتذہ کرام، منتظمین، دیگر عملہ اور یونیورسٹی کی قیادت 2025 کی کامیابیوں کا جائزہ لینے کے لیے جمع ہوئے ۔اس سال کی ایک اہم کامیابی یہ تھی کہ یونیورسٹی کو ملک کی دوسری بہترین پائیدار وفاقی یونیورسٹی کے طور پر درجہ دیا گیا۔ یہ اعزاز ماحولیاتی ذمہ داری کو روزگار کے مواقع کے ساتھ ہم پلہ کرتا ہے اور عالمی و معاشی حقائق کے مطابق عوامی تعلیم کا ایک مثالی نمونہ پیش کرتا ہے۔
تقریب میں یونیورسٹی کی منفرد عالمی ساکھ پر بھی زور دیا گیا۔ پاکستان کی واحد یونیورسٹی ہونے کے ناطے جو یونیسکو-یونیووک سے وابستہ ہے، یونیورسٹی عالمی سطح پر تکنیکی اور پیشہ ورانہ تعلیم کے بہترین طریقوں اور مقامی ہنرمندی کی ضروریات کے درمیان ایک پُل کا کردار ادا کر رہی ہے۔ یورپی سینٹر آف ووکیشنل ایکسی لینس کے طور پر اس کی شناخت اس بات کی علامت ہے کہ ایک پاکستانی سرکاری یونیورسٹی کو ہنر کی تربیت کے میدان میں عالمی سطح پر غیر معمولی اعتماد حاصل ہے۔
یونیورسٹی کے سرمد تنویر کیمپس مریدکے کی تعمیر و توسیع، اس وسیع مقصد کی عکاسی کرتی ہے کہ ہنر پر مبنی تعلیم کو دارالحکومت سے باہر لے جایا جائے اور ان علاقوں میں مواقع فراہم کیے جائیں جہاں صلاحیت موجود ہونے کے باوجود ایسے پروگراموں کی کمی رہی ہے۔ اسی دوران، نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن سے کوالیفیکیشن ایوارڈنگ باڈی کا اعزاز حاصل کرنا یونیورسٹی کی صلاحیت کو مزید مستحکم کرتا ہے کہ وہ صنعت کی ضروریات کے مطابق قومی سطح پر تسلیم شدہ اسناد تیار کر سکے۔
طلبہ کے نتائج اب بھی سب سے اہم معیار ہیں۔ 2025 کی پہلی گریجویشن کلاس کے 133 فارغ التحصیل طلبہ پہلے ہی ہنرمندی کے میدان میں شمولیت اختیار کر چکے ہیں، جن میں سے کئی نے بیرونِ ملک مزید تعلیم کے لیے مسابقتی وظائف حاصل کیے ہیں۔ یونیورسٹی کے مرکزی اور ذیلی کیمپسز میں داخلے کی تعداد 2,000 سے تجاوز کر گئی ہے، جو نوجوان پاکستانیوں میں ہنر پر مبنی تعلیم کے ذریعے معاشی ترقی کے راستوں پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی علامت ہے۔
یونیورسٹی کے مرکزی کیمپس میں مختلف شعبوں میں 1200 سے زائد ہنر مند پیشہ ور افراد کی مہارت کی جانچ کی گئی، جنہیں بعد ازاں سعودی عرب میں ملازمت کے لیے بھیجا گیا، جو ظاہر کرتا ہے کہ تکنیکی تعلیم اب مزدوری کی نقل و حرکت اور ترسیلات زر پر مبنی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔
این ایس یو کے بانی وائس چانسلر نے یونیورسٹی کی کامیابیوں کا سہرا اس کے اساتذہ اور عملے کی اجتماعی کوششوں کو دیا اور سال کی کامیابیوں کو حتمی اہداف کے طور پر نہیں بلکہ معیاری پیشہ ورانہ تعلیم، اختراع اور بین الاقوامی تعاون کے لیے گہری وابستگی کے ثبوت کے طور پر پیش کیا۔
تمام ملازمین کو تعریفی سرٹیفکیٹس پیش کیے گئے، جو ایک ایسے شعبے میں علامتی مگر بامعنی پہچان کا کردار ادا کرتے ہیں، جہاں ادارتی کامیابی اکثر انہی افراد سے علیحدہ رہ جاتی ہے جو اسے ممکن بناتے ہیں۔
پاکستان کی پہلی وفاقی یونیورسٹی کے طور پر جو مکمل طور پر تکنیکی اور پیشہ ورانہ تعلیم پر مرکوز ہے، نیشنل اسکلز یونیورسٹی اسلام آباد اب مہارت پر مبنی تعلیم اور ورک فورس کی ترقی کے لیے ایک شاندار مرکز کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے۔ اس کا سفر اس بات کی واضح مثال ہے کہ جب ہنر، پائیداری اور کام کی عزت کو عوامی پالیسی میں ترجیح دی جائے، تو معنی خیز تبدیلی خاموشی سے مگر مستقل طور پر رونما ہو سکتی ہے۔