راولپنڈی میں 2025 کے دوران آگ لگنے کے 1,704 واقعات رپورٹ
ریسکیو 1222 راولپنڈی کے مطابق ضلع راولپنڈی میں سال 2025 کے دوران آگ لگنے کے مجموعی طور پر 1,704 واقعات رپورٹ ہوئے، جن پر ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے قیمتی جانوں اور املاک کو بچایا۔
ریسکیو حکام کے مطابق ان آگ لگنے کے واقعات میں مجموعی طور پر 111 افراد متاثر ہوئے، جن میں 4 افراد جاں بحق، 44 شدید زخمی جبکہ 63 افراد معمولی زخمی ہوئے۔ ریسکیو فائر فائٹرز نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بروقت فائر فائٹنگ کی اور آگ کو مزید پھیلنے سے روکا۔
ریسکیو راولپنڈی اور ضلعی ریسکیو انتظامیہ کی مؤثر کارروائیوں کے باعث ان واقعات میں تقریباً 2 ارب 36 کروڑ 30 لاکھ روپے مالیت کی املاک کو ممکنہ نقصان سے بچایا گیا۔
حکام کے مطابق آگ لگنے کی بڑی وجوہات میں شارٹ سرکٹ، سگریٹ نوشی میں لاپرواہی، گیس لیکج، گیس سلنڈر میں آگ لگنا اور دیگر عوامل شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سال 2025 کے دوران ضلع راولپنڈی میں جنگلات میں آگ لگنے کے 59 واقعات بھی رپورٹ ہوئے، جن پر ریسکیو فائر فائٹرز نے بروقت قابو پا لیا۔
ریسکیو راولپنڈی آگ لگنے کے واقعات میں کمی لانے کے لیے فائر سیفٹی قوانین کے نفاذ، فائر سیفٹی ٹریننگ اور آگاہی پروگرامز پر بھی کام کر رہا ہے۔