روس۔یوکرین مذاکرات آخری مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں، صدر ٹرمپ

0 3

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے جاری مذاکرات آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔ یہ بات انہوں نے یوکرینی صدر وولودومیر زیلنسکی سے فلوریڈا میں واقع اپنی نجی رہائش گاہ مارالاگو میں ملاقات کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یا تو اب جنگ ختم ہو جائے گی یا پھر یہ طویل عرصے تک جاری رہ سکتی ہے جس کے نتیجے میں مزید لاکھوں جانیں ضائع ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ روس۔یوکرین جنگ اب تک کی سب سے مشکل جنگ ہے، تاہم وہ اس کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

ڈیڈ لائن سے متعلق سوال پر امریکی صدر نے واضح کیا کہ انہوں نے کسی مخصوص مدت کا تعین نہیں کیا، ان کی واحد ترجیح جنگ کا خاتمہ ہے۔ ٹرمپ کے مطابق دونوں صدور معاہدہ کرنے کے خواہاں ہیں اور زیلنسکی سے ملاقات کے بعد وہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے دوبارہ رابطہ کریں گے تاکہ مذاکرات کو آگے بڑھایا جا سکے۔

امریکی صدر نے بتایا کہ ایک مضبوط سیکیورٹی معاہدہ تیار کیا جا رہا ہے جس میں یورپی ممالک کا کردار کلیدی ہوگا۔ ان کے مطابق یورپی ریاستیں امن معاہدے کے لیے متحد ہیں اور بھرپور تعاون کر رہی ہیں۔

اس موقع پر صدر زیلنسکی نے کہا کہ حالیہ مہینے میں وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات سے واشنگٹن اور کیف کے درمیان بات چیت میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، اور وہ صدر ٹرمپ سے 20 نکاتی امن منصوبے پر تفصیلی گفتگو کریں گے۔

بعد ازاں دونوں رہنماؤں کے درمیان بند کمرہ ملاقات اور ظہرانہ بھی ہوا، جس میں اعلیٰ سطحی امریکی اور یوکرینی وفود شریک تھے۔

Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.