میر سرفراز بگٹی بگٹی قبائل کے نئے چیف مقرر
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو بگٹی قبائل کے قبائلی نظام میں نیا چیف آف بگٹیز نامزد کر دیا گیا ہے۔ قبائلی عمائدین کے متفقہ فیصلے کے مطابق میر سرفراز بگٹی بگٹی قبائل کے آٹھویں چیف ہوں گے۔
اس موقع پر قبائلی رہنماؤں اور معززین نے وزیراعلیٰ بلوچستان کی کامیابی، سلامتی اور قیادت کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
ڈیرہ بگٹی کے علاقے بیکڑ میں آج دستار بندی کی باقاعدہ تقریب منعقد ہوگی، جس میں میر سرفراز بگٹی کو روایتی طور پر چیف آف بگٹیز کی دستار پہنائی جائے گی۔
تقریب میں بگٹی قبائل کے مختلف قبیلوں کے سردار اور معتبرین شرکت کریں گے، جن میں شمبانی، کلپر، موندرانی، پیروزانی، نوتھانی اور ڈومب قبائل کے سربراہان شامل ہوں گے۔
اس کے علاوہ نواب بگٹی خاندان کے افراد بھی تقریب میں خصوصی طور پر موجود ہوں گے اور قبائلی روایات کے مطابق دستار بندی کی رسم ادا کریں گے۔