پاک بھارت کشیدگی سے پاکستان کی دفاعی اور سفارتی ساکھ مضبوط ہوئی، عالمی جریدہ
عالمی جریدے کیرولائنا پولیٹیکل ریویو نے اعتراف کیا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان نے دفاع، سفارت کاری اور اسٹریٹجک حکمتِ عملی کے ذریعے عالمی سطح پر اپنی ساکھ مضبوط کی۔
جریدے کے مطابق 2025 میں پاکستان نے عالمی سیاست میں دوبارہ مؤثر کردار ادا کیا، مئی میں پاک بھارت کشیدگی نے پاکستان کی دفاعی صلاحیت کو نمایاں کیا جبکہ مؤثر سفارت کاری کے ذریعے واشنگٹن کا اعتماد بھی بحال کیا گیا۔
عالمی جریدے نے کہا کہ امریکا نے جنوبی ایشیا، خلیج اور وسط ایشیا تک رسائی میں پاکستان کو کلیدی پل تسلیم کیا ہے۔ گوادر بندرگاہ اور بلوچستان کی اسٹریٹجک اہمیت نے معاشی و معدنی تعاون کے نئے امکانات پیدا کیے۔
کیرولائنا پولیٹیکل ریویو کے مطابق پاکستان نے سی پیک کے ساتھ ساتھ کثیرالجہتی توازن برقرار رکھتے ہوئے قومی مفاد میں نئے معاشی راستے کھولے۔ امریکا اور پاکستان کے درمیان معدنیات، توانائی اور ریئر ارتھ شعبے میں اربوں ڈالر کے معاہدے دوطرفہ تعلقات کی نئی بنیاد بنے۔
جریدے نے مزید کہا کہ کشمیر پر امریکی صدر کے حالیہ بیان نے پاکستان کے سفارتی مؤقف کو تقویت دی جبکہ واشنگٹن میں پاکستان کی پوزیشن مضبوط اور بھارت پیچھے رہ گیا۔