اسلام آباد پولیس کی شاندار کارکردگی، 2025 میں جرائم میں تاریخی کمی

0 4

انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر کمان اسلام آباد پولیس نے 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جرائم میں تاریخی کمی ریکارڈ کی ہے۔ عالمی جریدے نے اسلام آباد کو دنیا کے پرامن شہروں میں شامل کیا۔

سال 2025 میں 2024 کے مقابلے میں مجموعی طور پر جرائم میں 37 فیصد کمی جبکہ سنگین جرائم میں 69 فیصد کمی واقع ہوئی۔ پولیس نے 20 سے زائد ہائی پروفائل کیسز کو 24 گھنٹے سے کم وقت میں حل کیا اور 23683 ملزمان کو گرفتار کرکے 2 ارب روپے سے زائد کا مال مسروقہ برآمد کیا۔

ڈکیتی، راہزنی اور گاڑی چوری کے 578 گینگز کے 1308 ارکان گرفتار کیے گئے، جن سے 375 گاڑیاں اور 851 موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں۔ قتل کے مقدمات میں 187 ملزمان گرفتار کیے گئے جبکہ 4000 سے زائد اشتہاری اور سابقہ ریکارڈ یافتہ مجرمان کو بھی پکڑا گیا۔ قبضہ مافیا کے خلاف 157 مقدمات درج کر کے 161 ملزمان گرفتار ہوئے۔ ہوائی فائرنگ میں ملوث 200 سے زائد ملزمان گرفتار کیے گئے۔

غیر قانونی اسلحہ اور نمائش کے خلاف کارروائیوں میں 2308 ملزمان گرفتار، اور 304 رائفلیں، 92 بندوقیں، 2200 پستول، 294 حنجر اور 37491 rounds برآمد کیے گئے۔ منشیات کے خلاف نشہ اب نہیں مہم کے تحت 1801 منشیات فروش گرفتار ہوئے، 29 ملزمان کو تعلیمی اداروں میں منشیات فراہم کرنے کے الزام میں پکڑا گیا، اور 323 کلوگرام چرس، 550 کلوگرام ہیروئن، 161 کلوگرام آئس، 10 کلوگرام افیون، نشہ آور گولیاں اور 8427 بوتل شراب برآمد ہوئی۔

بہترین تفتیش کی بدولت قتل کے مقدمات میں 14 ملزمان کو سزائے موت اور 14 کو عمر قید دلائی گئی۔ شہریوں کے مسائل کے فوری حل کے لیے 1270 سے زائد کھلی کچہریاں منعقد کی گئیں، جن سے 100,000 سے زائد شہری مستفید ہوئے۔

سال 2025 میں 3973 پیشہ ور بھکاری گرفتار، 465 سے زائد سرچ آپریشنز، 2337 لاء اینڈ آرڈر کیسز کے دوران شہریوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کی گئی۔ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے دوران 4 افسران شہید اور 33 افسران غازی قرار پائے۔

پولیس ریسپانس یونٹ اور سٹی واچر اسکواڈ کا قیام عمل میں آیا، اسپیشل انیشیٹیو پولیس اسٹیشنز کے تحت ماڈل پولیس اسٹیشنز قائم کیے گئے اور شہری سہولت کے لیے SIPS پروٹوکول نظام متعارف کرایا گیا۔ ناکہ جات پر جدید چیکنگ، باڈی وارن کیمروں اور ای پولیس پوسٹ کے قیام سے نگرانی مضبوط کی گئی، جبکہ آلٹرنیٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن مراکز کو دوبارہ فعال کیا گیا۔

ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.