یو اے ای کے صدر پاکستان پہنچ گئے، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے استقبال کیا
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان آج پاکستان پہنچ گئے۔ نورخان ایئربیس پر وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے انہیں شاندار انداز میں خوش آمدید کہا۔ پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے معزز مہمان کو فضائی سلامی دی اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
وزیراعظم نے کابینہ کے ارکان سمیت معزز مہمان کا استقبال کیا، جن میں اسحاق ڈار، خواجہ آصف، احسن اقبال، عطا تارڑ وغیرہ شامل تھے۔ اس دورے کو دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات میں نئی جہت قرار دیا جا رہا ہے۔
اماراتی صدر کے ساتھ اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان آئے گا اور اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، خطے اور عالمی سطح کے امور پر بات چیت ہوگی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور دیگر اعلیٰ شخصیات سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی اماراتی صدر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا اور پاکستان کے لیے باعث فخر ہے۔