نائیجیریا: مسجد میں دھماکا، 5 نمازی شہید، 35 زخمی

0 4

نائیجیریا کے شمال مشرقی شہر میدوگوری میں نماز کے دوران ایک مسجد میں زور دار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں کم از کم 5 نمازی شہید اور 35 سے زائد زخمی ہو گئے۔ دھماکا اس وقت ہوا جب مسجد میں بڑی تعداد میں نمازی موجود تھے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ریاست بورنو کی پولیس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ جائے وقوعہ سے خودکش جیکٹ کے مشتبہ ٹکڑے برآمد ہوئے ہیں، جس سے حملے کے خودکش ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تاہم دھماکے کی نوعیت کی حتمی تصدیق تاحال نہیں ہو سکی اور تحقیقات جاری ہیں۔

ریسکیو اداروں نے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا، جہاں 7 زخمیوں کی حالت نازک جبکہ 5 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق شہادتوں میں اضافے کا خدشہ موجود ہے۔

تاحال کسی تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی، تاہم ماضی میں اس نوعیت کے حملوں کی ذمہ داری عموماً شدت پسند تنظیم بوکو حرام یا اس سے منسلک دھڑے قبول کرتے رہے ہیں۔

ریاست کے گورنر باباگانا زولم نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بربریت اور غیر انسانی عمل قرار دیا اور تہواروں کے موقع پر عبادت گاہوں اور عوامی مقامات پر سکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت کی۔

اقوامِ متحدہ کے مطابق 2009 سے جاری شورش کے باعث شمالی نائیجیریا میں ہزاروں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔ اگرچہ حالیہ برسوں میں حملوں میں کمی آئی تھی، تاہم شدت پسند گروہ اب بھی ایسے حملوں کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.