مقبوضہ کشمیر ایک دن ضرور آزاد ہو کر پاکستان بنے گا،وزیراعظم
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان نے بھارت کو ایسا سبق سکھایا ہے جو وہ ساری عمر یاد رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے دوران کشمیریوں سمیت پوری پاکستانی قوم نے افواجِ پاکستان کے لیے دعائیں کیں، جن کی بدولت دشمن کو مؤثر اور بھرپور جواب دیا گیا۔
آزاد کشمیر میں طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کشمیری عوام نے ہمیشہ پاکستان سے اپنی وابستگی کا ثبوت دیا اور ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کا نعرہ زندہ رکھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقبوضہ کشمیر ایک دن ضرور آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید تعلیم، ٹیکنالوجی اور ہنر سے آراستہ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے خصوصی بچے افشین زاہد کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ صلاحیت اور محنت کسی جسمانی کمزوری کی محتاج نہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ لیپ ٹاپ اسکیم کو ماضی میں تنقید کا نشانہ بنایا گیا، لیکن اگر یہ رشوت ہوتی تو انہی پروگراموں کے ذریعے ہزاروں نوجوان ڈاکٹر، انجینیئر، سائنسدان اور اساتذہ نہ بنتے۔ کورونا وبا کے دوران لیپ ٹاپس نے نوجوانوں کو روزگار اور تعلیم سے جوڑے رکھا۔
انہوں نے آزاد کشمیر میں چار دانش اسکولوں کی منظوری، دانش یونیورسٹی کے قیام اور پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے اجرا کا اعلان بھی کیا، جس کے تحت آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور ملک بھر کے قابل طلبہ کو وظائف دیے جائیں گے۔