وزیر داخلہ محسن نقوی کا فیض آباد ٹریفک سنٹر کا اچانک دورہ
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فیض آباد ٹریفک سنٹر کا اچانک دورہ کیا اور شہریوں کے لیے دستیاب سہولتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
وزیر داخلہ نے لائسنسنگ کے تمام مراحل کی مکمل چھان بین کروائی اور ٹوکن روم، سائن ٹیسٹ اور فزیکل ٹیسٹ سنٹرز کا بھی معائنہ کیا۔ شہریوں سے براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
ایک شہری نے کہا، “لائسنس حصول کا نظام تھوڑا سست ہے”، جس پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے یقین دہانی کرائی کہ “آئی جی کو کہہ دیا ہے، اس کو تیز بنائیں گے۔”
وفاقی وزیر داخلہ نے شہریوں کے مسائل سن کر فوری اقدامات کی ہدایت کی اور اضافی مشینیں اور سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ ہر کارروائی شفاف اور بروقت ہو۔
وزیر داخلہ کے ہمراہ چیف ٹریفک آفیسر ایس ایس پی حمزہ حمایوں، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بھی موجود تھے۔