طیارہ حادثہ،اہم ملک کا آرمی چیف جاں بحق
لیبیا کے وزیراعظم عبدالحمید دبیبہ نے تصدیق کی ہے کہ ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ کے قریب پیش آنے والے طیارہ حادثے میں لیبیا کے آرمی چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل محمد علی الحداد سمیت متعدد اعلیٰ عسکری حکام جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
وزیراعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ یہ افسوسناک خبر انہیں شدید دکھ اور صدمے کے ساتھ موصول ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے میں آرمی چیف محمد علی الحداد اور ان کے ہمراہ وفد کے دیگر ارکان جاں بحق ہوئے۔
ان کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں بری افواج کے چیف آف اسٹاف، ملٹری مینوفیکچرنگ اتھارٹی کے سربراہ، آرمی چیف کے مشیر اور میڈیا آفس کے فوٹوگرافر بھی شامل ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ حادثہ ترکیہ کے سرکاری دورے کے بعد واپسی کے دوران پیش آیا، تاہم واقعے کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
عبدالحمید دبیبہ نے اس سانحے کو ملک اور مسلح افواج کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ لیبیا نے ایسے مخلص اور نظم و ضبط کے حامل افراد کھو دیے ہیں جنہوں نے قومی جذبے کے ساتھ ملک کی خدمت کی۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ، فوجی ساتھیوں اور لیبیا کے عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
ادھر ترکیہ کے وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے بتایا کہ لیبیا جانے والا نجی طیارہ، جس میں آرمی چیف سوار تھے، انقرہ کے ضلع حایمانا میں گر کر تباہ ہوا، جبکہ حادثے کے مقام سے ملبہ برآمد کر لیا گیا ہے۔