فنانشل ٹائمز نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو کامیاب ملٹی الائنر قرار دے دیا
برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بدلتی عالمی صورتحال میں ایک مؤثر اور کامیاب اسٹریٹجک رہنما قرار دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عالمی طاقتوں کے ساتھ متوازن تعلقات قائم کر کے پاکستان کو ایک مضبوط مڈل پاور کے طور پر منوایا ہے۔
فنانشل ٹائمز میں شائع تجزیے میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غیر رسمی اور تیز رفتار سفارتی انداز سے ہم آہنگ ہونے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر سب سے زیادہ کامیاب رہے۔ رپورٹ کے مطابق وہ واشنگٹن، بیجنگ، ریاض اور تہران کے درمیان مؤثر توازن قائم رکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
رپورٹ میں پاکستان کی حکمتِ عملی کا موازنہ بھارت سے کرتے ہوئے کہا گیا کہ بھارت بدلتے عالمی ماحول اور ٹرمپ کے انداز سے مطابقت پیدا کرنے میں مشکلات کا شکار رہا، جبکہ پاکستان نے مڈل پاور کی سیاست میں مہارت حاصل کر لی۔
فنانشل ٹائمز کے مطابق یہ صورتحال بھارت کے لیے باعثِ تشویش ہے، جبکہ پاکستان کی عالمی ساکھ میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ 2025 کے اختتام تک پاکستان ایک مشکوک ملک سے نکل کر امریکا کا اہم شراکت دار بن کر ابھرا۔