قومی ائیر لائن کی نجکاری کا پہلا مرحلہ مکمل، 3 بولیاں موصول
قومی ائیر لائن کی نجکاری کے عمل کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے، جس کے تحت تین پری کوالیفائیڈ بڈرز نے اپنی بولیاں جمع کرا دی ہیں۔ حکام کے مطابق بولیاں سہ پہر ساڑھے تین بجے کھولی جائیں گی۔
نجکاری کے عمل کے اگلے مرحلے میں پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ کے اجلاس میں ریفرنس قیمت طے کی جائے گی، جس کے بعد ریفرنس پرائس کی منظوری کے لیے کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کو بھیجا جائے گا۔
مشیرِ نجکاری محمد علی نے بڈنگ کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ قومی ائیر لائن کی فروخت کا اہم مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔ اب معاملہ پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ کے سامنے پیش کیا جائے گا، جہاں ریزرو پرائس کا جائزہ لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ریزرو پرائس خفیہ رکھی گئی ہے اور بورڈ کی منظوری کے بعد اسے کابینہ کمیٹی کے سامنے رکھا جائے گا۔
مشیر نجکاری کے مطابق کابینہ کمیٹی ریزرو پرائس پر حتمی فیصلہ کرے گی، یہ ایک بڑا اور تاریخی مرحلہ ہے کیونکہ گزشتہ 20 برسوں میں ملک میں کوئی بڑی نجکاری عمل میں نہیں آئی۔