بھارت کو 191 رنز سے عبرتناک شکست، پاکستان انڈر 19 ایشیا کپ کا فاتح بن گیا

0 3

بھارت کو 191 رنز سے عبرتناک شکست، پاکستان انڈر 19 ایشیا کپ کا فاتح بن گیا

انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو 191 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر تاریخ رقم کر دی۔ دبئی میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی بار انڈر 19 ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور کیا۔ اوپنر سمیر منہاس نے 113 گیندوں پر 172 رنز کی شاندار اور طوفانی اننگز کھیلی، جس میں جارحانہ اسٹروکس اور اعتماد جھلکتا رہا۔ احمد حسین نے 56 جبکہ عثمان خان نے 35 رنز بنا کر اسکور کو مزید مضبوط کیا۔ بھارت کی جانب سے دپیش دیویندرن نے 3 جبکہ کھلان پٹیل اور ہنیل پٹیل نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

348 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی اور پوری ٹیم 26.2 اوورز میں محض 156 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ بھارت کی جانب سے دسویں نمبر پر آنے والے دپیش دیویندرن 36 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ اوپنر وبھے سوریاوانشی 26 رنز بنا سکے۔

پاکستان کی جانب سے علی رضا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد صیام، عبد السبحان اور حذیفہ احسن نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

واضح رہے کہ پاکستان کی انڈر 19 ٹیم اس سے قبل دو مرتبہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ جیت چکی ہے، تاہم یہ ایشیا کپ میں اس کی پہلی کامیابی ہے۔ 2012 میں پاکستان اور بھارت کو مشترکہ طور پر چیمپئن قرار دیا گیا تھا، لیکن اس بار پاکستان نے 13 سال بعد ایشیا کپ کا پہلا باقاعدہ ٹائٹل جیت کر نئی تاریخ رقم کر دی۔

Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.