فتنہ الخوارج کی تشکیل میں 70 فیصد عناصر افغانستان سے ہیں، فیلڈ مارشل
چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ افغان طالبان کی پشت پناہی سے دہشت گرد ہمارے معصوم شہریوں اور بچوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج کی تشکیل میں 70 فیصد عناصر افغانستان سے تعلق رکھتے ہیں۔
یہ بیان فیلڈ مارشل نے قومی علماء مشائخ کانفرنس سے خطاب میں دیا، جو 10 دسمبر 2025 کو اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں ملک بھر کے علماء اور مشائخ نے بھرپور شرکت کی۔
اپنے خطاب میں انہوں نے ملک کے چیلنجز، دہشت گردی، قومی سلامتی، عالمی سطح پر پاکستان کا ابھرتا کردار، جنگی تیاریوں اور علم کی اہمیت پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔ فیلڈ مارشل نے قرآن کی آیات اور اشعار کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان اور ریاست طیبہ کے قیام اور مماثلت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ پاکستان کو خادم الحرمین کا شرف ملا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی اسلامی ریاست میں ریاست کے علاوہ کوئی جہاد کا حکم یا فتوی نہیں دے سکتا۔ فیلڈ مارشل نے افغانستان کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اسے فتنہ الخوارج اور پاکستان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔ انہوں نے علم و فکری میراث کو ترک کرنے والی قوموں کی زبوں حالی کی بھی نشاندہی کی۔