دانش یونیورسٹی علم اور ٹیکنالوجی کے فروغ کا مرکز بنے گی،شہباز شریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت دانش یونیورسٹی کے بورڈ آف ٹرسٹیز کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعظم نے چیئرمین اور اراکین کا خیرمقدم کرتے ہوئے علم کے فروغ کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دانش یونیورسٹی جدید ٹیکنالوجی، عصری علوم اور اعلیٰ معیار کی تحقیق کا مرکز بنے گی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ یونیورسٹی کی عمارت سادہ مگر پروقار طرز پر تعمیر کی جائے اور فیکلٹی و ریسرچ کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔

وزیراعظم نے یونیورسٹی کی تعمیر کے لیے اچھی شہرت اور متعلقہ تجربہ رکھنے والے کنٹریکٹرز کو پری کوالیفائی کرنے، جبکہ داخلوں میں ملک کے دور دراز علاقوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے لائق و مستحق طلباء کو خصوصی مواقع فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ سرکاری اسکولوں میں دانش یونیورسٹی سے متعلق آگاہی پھیلانے پر بھی زور دیا گیا۔

اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ دانش یونیورسٹی پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ قائم ہو چکا ہے، چارٹر وزارت قانون و انصاف سے منظور ہو چکا ہے اور کابینہ و پارلیمنٹ سے منظوری کے لیے بھیجا جائے گا۔ یونیورسٹی کے لیے ملک گیر آؤٹ ریچ پروگرام، سینٹر آف ایکسیلینس، ٹریننگ کیمپس اور بین الاقوامی ماہرین تعلیم سے رابطوں پر بھی پیش رفت جاری ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء اور اعلیٰ سرکاری افسران سمیت بورڈ آف ٹرسٹیز کے اراکین نے شرکت کی۔

Author

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں…
Leave A Reply

Your email address will not be published.