سوڈان میں اقوام متحدہ کے امن اہلکاروں پر حملہ قابلِ مذمت ہے، پاکستان

پاکستان نے سوڈان کے شہر کدوگلی میں اقوام متحدہ کے امن اہلکاروں پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت اور عالمی امن کے خلاف بزدلانہ اقدام قرار دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کی عبوری سیکیورٹی فورس برائے ابیئی (UNISFA) کے تحت خدمات انجام دینے والے بنگلا دیش کے 6 امن اہلکاروں کی شہادت اور متعدد کے زخمی ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے بنگلا دیش کی حکومت اور عوام سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے امن اہلکار دنیا بھر میں تنازعات کے خاتمے، شہریوں کے تحفظ اور عالمی امن کے قیام کے لیے صفِ اول میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

پاکستان نے اس بزدلانہ حملے کی فوری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ واقعے میں ملوث عناصر کی نشاندہی کر کے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر امن اہلکاروں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

Author

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں…
Leave A Reply

Your email address will not be published.