آئی ایم ایف نے پاکستان کو 1.2 ارب ڈالر جاری کر دیے

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کو 1.2 ارب ڈالر کی نئی قسط جاری کر دی، جبکہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بھی رقم موصول ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ حکام کے مطابق موصول ہونے والی رقم میں ایک ارب ڈالر توسیعی فنڈ فسیلٹی (EFF) کے تحت اور 20 کروڑ ڈالر کلائمٹ فنانسنگ کی مد میں جاری کیے گئے۔

واضح رہے کہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے چند روز قبل پاکستان کے لیے 1.2 ارب ڈالر کی منظوری دی تھی، جو ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلٹی (EFF) اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فسیلٹی (RSF) کے تحت فراہم کیے جا رہے ہیں۔ اس جاری کردہ قسط کے بعد دونوں پروگراموں کے تحت مجموعی ادائیگیوں کا حجم 3.3 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان نے اصلاحاتی پروگرام میں نمایاں پیش رفت کی ہے، جس کے نتیجے میں مشکل عالمی حالات اور حالیہ تباہ کن سیلابوں کے باوجود معاشی استحکام برقرار رہا۔ مالی سال 2025 میں بنیادی سرپلس 1.3 فیصد رہا جو ہدف کے مطابق ہے۔

مزید برآں، زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 14.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئے جبکہ مہنگائی میں اضافہ غذائی رسد متاثر ہونے کے باعث عارضی قرار دیا گیا ہے۔ آئی ایم ایف کے ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر نائیجل کلارک کے مطابق اصلاحاتی اقدامات نے پاکستان کو میکرو اکنامک استحکام برقرار رکھنے میں مدد دی، تاہم پائیدار ترقی کے لیے مزید اصلاحات جاری رکھنا ضروری ہے۔

Author

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں…
Leave A Reply

Your email address will not be published.