انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانتو پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نورخان ایئربیس پر ان کا پرجوش استقبال کیا۔ وفاقی کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ حکام بھی استقبال کے لیے موجود تھے۔
صدر پرابووو سوبیانتو طیارے سے باہر آئے تو صدر مملکت اور وزیراعظم نے ان سے گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔ روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے مہمانِ خصوصی کو پھول پیش کیے اور دونوں ممالک کے پرچم تھامے بچوں نے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔
یہ صدر پرابووو سوبیانتو کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔ انڈونیشیا کی جانب سے آخری صدارتی دورہ 2018 میں صدر جوکو ویدودو نے کیا تھا۔ یہ دورہ اس لحاظ سے بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے کہ اس سال پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔
دورے کے دوران صدر پرابووو سوبیانتو وزیراعظم کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے اور صدر مملکت آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کریں گے۔ دونوں ممالک تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، صحت، آئی ٹی، موسمیاتی تبدیلی، تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال کریں گے۔
پاکستان اور انڈونیشیا کے تعلقات قریبی، خوشگوار اور دیرینہ ہیں، جو مشترکہ اقدار اور باہمی مفادات پر مبنی ہیں۔ صدر پرابووو سوبیانتو کا یہ دورہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو وسعت دینے کا اہم موقع فراہم کرے گا۔