پاکستان–ایران کا آئی ٹی آئی ٹرین بحال کرنے پر اتفاق
پاکستان اور ایران کے درمیان مال بردار آئی ٹی آئی (اسلام آباد–تہران–استنبول) ٹرین سروس کی بحالی پر اتفاق ہوگیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافہ کرنا اور باہمی درآمدات و برآمدات کو مزید فروغ دینا ہے۔
پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی سے ملاقات کی، جس میں ایرانی کمرشل کونسلر محترمہ کمالی مقدم بھی شریک تھیں۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے، مثبت تعاون کو بڑھانے اور ایک دوسرے کی حمایت پر اظہارِ تشکر کیا گیا۔
فریقین نے آئی ٹی آئی ٹرین کو رواں سال دوبارہ بحال کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیرِ ریلوے نے کہا کہ تجارت میں اضافہ نہ صرف ریلوے ریونیو کے لیے فائدہ مند ہوگا بلکہ ملکی معیشت پر بھی مثبت اثر ڈالے گا۔ ان کے مطابق علاقائی روابط کا فروغ اور خطے کو ریلوے کے ذریعے جوڑنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
ایرانی سفیر نے وزیرِ ریلوے کو سرکاری دورۂ ایران کی دعوت بھی دی۔ اس موقع پر محمد حنیف عباسی نے کہا کہ ایران میں زیارات کی سعادت ان کے لیے باعثِ شرف ہوگی اور دورے کے دوران ایرانی ریلوے نظام کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔