سرکاری حکام نے خبردار کیا ہے کہ غیر رجسٹرڈ وی پی این پاکستان کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں اور عوام سے کہا ہے کہ وہ ہرگز غیر رجسٹرڈ وی پی این استعمال نہ کریں۔
حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد، شدت پسند، غیر ملکی ایجنٹ اور جرائم پیشہ افراد اپنے وجود کو چھپانے کے لیے غیر قانونی وی پی این استعمال کر رہے ہیں۔ اس کے ذریعے حملوں کی منصوبہ بندی، افواہیں پھیلانا، پروپیگنڈا اور غیر قانونی سرگرمیاں چلائی جا رہی ہیں، جس سے ہر شہری غیر محفوظ ہو جاتا ہے۔
آئی ٹی ماہرین نے بتایا کہ زیادہ تر غیر رجسٹرڈ یا مفت وی پی این محفوظ نہیں ہوتے اور یہ صارف کے ڈیٹا کو چراتے ہیں۔ آپ کے یوزرنیم، پاس ورڈ، بینک کی تفصیلات اور ذاتی معلومات لاگ کی جاتی ہیں اور یہ آپ کی پرائیویسی کی قیمت پر چلتی ہیں۔
سرکاری حکام نے زور دیا کہ صرف پی ٹی اے سے منظور شدہ اور رجسٹرڈ وی پی این استعمال کریں تاکہ نہ صرف آپ محفوظ رہیں بلکہ ملک کو بھی محفوظ بنایا جا سکے۔ غیر قانونی وی پی این کی وجہ سے قانونی گیٹ ویز بائی پاس ہوتے ہیں، اربوں روپے کا نقصان ہوتا ہے اور انٹرنیٹ کی رفتار سست ہو جاتی ہے، جو گھریلو صارف اور کاروبار دونوں کو متاثر کرتا ہے۔