سری لنکا طوفان، پاک بحریہ کی فوری امدادی کارروائیاں شروع
سری لنکا میں طوفان دتواہ اور شدید بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی، ایسے میں پاک بحریہ نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس سیف کولمبو میں انٹرنیشنل فلیٹ ریویو 2025 میں شرکت کے لیے موجود تھا، جب طوفان نے ساحلی علاقوں کو متاثر کیا۔
ترجمان کے مطابق پی این ایس سیف نے سری لنکن حکام کے حوالے غذائی اجناس، تیار کھانا، خشک راشن، فرسٹ ایڈ کٹس، ادویات اور دیگر ایمرجنسی آلات پر مشتمل امدادی سامان فراہم کیا۔ پاک بحریہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ حالات کے مطابق مزید امداد بھی فراہم کی جائے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ اقدام پاکستان کے علاقائی تعاون اور مشکل وقت میں دوست ممالک کے ساتھ یکجہتی کا عملی اظہار ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے نے بھی پہلی امدادی کھیپ اور 45 رکنی آرمی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم سری لنکا بھیجنے کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ 100 ٹن امدادی سامان پر مشتمل پہلی کھیپ نور خان ایئر بیس سے سی-130 کے ذریعے روانہ ہوگی۔ اس سامان میں ریسکیو کشتیاں، پمپس، لائف جیکٹس، ٹینٹ، کمبل، دودھ، خوراک، ادویات اور فیلڈ اسپتال شامل ہیں۔
پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ وہ سری لنکا کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے امداد جاری رکھے گا۔