یکم دسمبر سے پیٹرولیم قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان
عوام کے لیے اچھی خبر ہے کہ حکومت یکم دسمبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کرنے پر غور کر رہی ہے۔ ابتدائی تخمینوں کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 75 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 10 پیسے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔
اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں 73 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل میں 6 روپے 35 پیسے فی لیٹر کمی متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئل انڈسٹری نے قیمتوں میں مجوزہ ردوبدل کی ورکنگ مکمل کرکے اوگرا کو بھجوا دی ہے۔ اوگرا ان سفارشات کی روشنی میں قیمتوں کی سمری تیار کر رہا ہے، جو کل وزارتِ خزانہ کو ارسال کی جائے گی۔
وزارتِ خزانہ 30 نومبر کو وزیراعظم سے مشاورت کے بعد نئی قیمتوں کا اعلان کرے گی، اور یہ قیمتیں آئندہ 15 روز کے لیے نافذ العمل ہوں گی۔