خیبرپختونخوا میں منشیات کے خلاف بڑی کارروائیاں، 15 گرفتار

پشاور: خیبرپختونخوا کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کے لیے محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول نے صوبے بھر میں منشیات مخالف بھرپور اور مربوط مہم کا آغاز کر دیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی ہدایت اور صوبائی وزیر سید فخر جہان کی نگرانی میں جاری اس مہم کا مقصد منشیات فروش نیٹ ورکس، خصوصاً آئس (میتھ ایمفیٹامین) کے دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی اور نوجوان نسل کو اس لعنت سے محفوظ رکھنا ہے۔

محکمہ ایکسائز و نارکوٹکس کنٹرول کی ٹیموں نے گزشتہ چھ دنوں میں پشاور، نوشہرہ، مردان، ضلع خیبر، ایبٹ آباد اور چارسدہ میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 168.8 کلوگرام چرس، 5 کلوگرام آئس اور 1.20 کلوگرام افیون برآمد کی، جبکہ 15 ملزمان کو گرفتار اور 12 مقدمات درج کیے گئے۔

محکمہ کے مطابق یہ کامیابیاں ٹیموں کی پیشہ ورانہ مہارت اور منشیات کے خلاف غیر متزلزل عزم کی عکاس ہیں۔ اینٹی نارکوٹکس فورس (ANF) اور دیگر اداروں کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے مہم کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔

 

صوبائی وزیر سید فخر جہان نے واضح کیا کہ منشیات کے کاروبار میں ملوث کسی بھی شخص کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی، اور یہ مہم اُس وقت تک جاری رہے گی جب تک خیبرپختونخوا منشیات سے مکمل طور پر پاک نہیں ہو جاتا۔

انہوں نے والدین، اساتذہ، علمائے کرام اور کمیونٹی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ منشیات کے خلاف آگاہی اور احتیاطی مہم میں فعال کردار ادا کریں۔ عوام سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ خفیہ اطلاع کے نظام کے ذریعے منشیات فروشوں کی نشاندہی کر کے اس اجتماعی جدوجہد کا حصہ بنیں۔

محکمہ کے ترجمان کے مطابق منشیات کے خلاف جنگ ایک مشترکہ ذمہ داری ہے، اور باہمی اتحاد و تعاون کے ذریعے ہی منشیات سے پاک خیبرپختونخوا کا خواب پورا کیا جا سکتا ہے۔

Author

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں…
Leave A Reply

Your email address will not be published.