مولانا محمد خان شیرانی کی 92 سال کی عمر میں دوسری شادی
سابق چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل اور جمعیت علمائے اسلام (شیرانی گروپ) کے سربراہ مولانا محمد خان شیرانی نے 92 سال کی عمر میں دوسری شادی کرلی۔ ان کا نکاح گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی خاتون کے ساتھ سادگی سے اسلام آباد میں انجام پایا۔
مولانا محمد خان شیرانی نے اپنی شادی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ “یہ میرا دوسرا نکاح ہے، پہلی اہلیہ کا انتقال ہوچکا ہے۔”
علمائے کرام اور مذہبی شخصیات نے مولانا شیرانی کو ازدواجی زندگی کے نئے آغاز پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے صحت، خوشی اور برکت کی دعائیں دیں۔
واضح رہے کہ مولانا محمد خان شیرانی اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین رہ چکے ہیں اور طویل عرصہ جمعیت علمائے اسلام (ف) سے وابستہ رہے۔ دسمبر 2020 میں پارٹی کی ڈسپلنری کمیٹی نے ان کی رکنیت منسوخ کر دی تھی، جس کے بعد انہوں نے “جمعیت علمائے اسلام شیرانی گروپ” کے نام سے علیحدہ دھڑا قائم کیا۔
بعد ازاں مولانا شیرانی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ سیاسی و مذہبی اتحاد کا اعلان کیا۔ یہ فیصلہ ان کی سابق وزیرِاعظم عمران خان سے کے پی ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کے دوران ہوا، جہاں دونوں رہنماؤں نے اسلاموفوبیا کے خاتمے، مذہبی رواداری کے فروغ اور سماجی ہم آہنگی کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔