بارکھان میں زلزلے کے جھٹکوں سے خوف و ہراس، متعدد مکانات متاثر
بلوچستان کے ضلع بارکھان میں آج صبح آنے والے زلزلے کے شدید جھٹکوں نے پورے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا۔ سب سے زیادہ اثرات رڑکن اور نواحی علاقوں میں محسوس کیے گئے، جہاں متعدد کچے مکانات کو نقصان پہنچا اور گھریلو قیمتی سامان ملبے تلے دب گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق زلزلے کے فوری بعد لوگ گھروں سے باہر نکل آئے اور طویل وقت تک کھلے میدانوں میں موجود رہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.0 ریکارڈ کی گئی، جبکہ مرکز رکھنی سے 39 کلومیٹر شمال مشرق میں تھا۔
ضلعی انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم نقصان کے تخمینے کے لیے سروے جاری ہے۔ مقامی افراد نے حکومت سے متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد اور مکانات کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔