صنعت و زراعت کو سہولیات دینا ہماری ترجیح ہے، وزیرِ اعظم شہباز شریف
اسلام آباد میں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت پاور ڈویژن کے اصلاحاتی پیکج پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملک میں بجلی کی پیداوار کے مؤثر استعمال کے ذریعے صنعتی و زرعی شعبے کو مضبوط بنانے پر غور کیا گیا۔
وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ پاور ڈویژن ایک جامع اور مؤثر پالیسی تشکیل دے تاکہ صنعتی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت اور صنعت کے شعبے کو سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کی زیادہ سے زیادہ مثبت اور مؤثر استعمال سے صنعتی مصنوعات اور زرعی پیداوار میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ پاور ڈویژن کو صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے سفارشات تیار کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی سردار اویس خان لغاری، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، مشیر برائے صنعت ہارون اختر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔