ہم سب کو اتحاد کے جذبے سے آگے بڑھنا ہوگا،وزیرِ اعظم شہباز شریف
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے دیوالی کے موقع پر تمام ہندو برادری کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ دیوالی روشنیوں کا تہوار ہے جو تاریکی اور مایوسی پر امید کی فتح کی علامت ہے۔ وزیرِ اعظم نے شہریوں سے اپیل کی کہ آئیں مل کر مثبت سوچ اور اتحاد کے ساتھ مستقبل کی تعمیر کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی ہونے کے ناطے ہم اپنے معاشرتی تنوع پر فخر کرتے ہیں، جو قومی دھارے کو مضبوط بناتا ہے اور مشترکہ ثقافت کو فروغ دیتا ہے۔ وزیرِ اعظم نے ہندو برادری کی معاشرتی، اقتصادی اور سیاسی خدمات کو سراہا اور کہا کہ عقائد کی تنوع پاکستان میں اتحاد کی بنیاد ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی ترقی میں ہندو اور دیگر اقلیتی برادریوں کا تعاون خوش آئند ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح نے ایک ایسا پاکستان تصور کیا تھا جہاں تمام کمیونٹیز کو برابر کے حقوق اور آزادی حاصل ہو۔ حکومت پرعزم ہے کہ ہر برادری کو مساوی حقوق اور ترقی کے مواقع فراہم کیے جائیں۔
وزیرِ اعظم نے دعا کی کہ دیوالی کا یہ تہوار امن، خوشحالی اور تمام مذاہب کے لوگوں کے درمیان بھائی چارے کو فروغ دے۔