وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا دورہ امریکہ، معاشی تعاون پر اہم ملاقاتیں

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا دورہ امریکہ، معاشی تعاون پر اہم ملاقاتیں

واشنگٹن ڈی سی (ویب ڈیسک) — وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاس کے تیسرے روز متعدد اہم رہنماؤں اور مالیاتی اداروں سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں سعودی عرب، امریکہ، آذربائیجان اور دیگر عالمی شراکت داروں کے ساتھ معاشی اصلاحات، سرمایہ کاری، نجکاری، توانائی اور مالیاتی تعاون کے فروغ پر گفتگو ہوئی۔

سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان سے ملاقات میں پاکستان میں نجکاری، سرمایہ کاری اور انفراسٹرکچر منصوبوں پر سعودی تعاون بڑھانے پر بات ہوئی۔ امریکی انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ فنانس کارپوریشن (DFC) کے سی ای او بینجمن بلیک سے ملاقات میں تیل، گیس، معدنیات، زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کیے گئے۔

آذربائیجان کے نائب وزیر خزانہ انار کریموف سے ملاقات میں ترجیحی تجارتی معاہدے اور ٹرانزٹ ٹریڈ پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے مِیگا (MIGA) کے نائب صدر ہیروشی ماتانو سے ملاقات میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کے تحفظ کے عزم کو دہرایا۔

سینیٹر اورنگزیب نے باروارز فورم راؤنڈ ٹیبل میں قرضوں کی ادائیگی اور سماجی سرمایہ کاری میں توازن کی ضرورت پر روشنی ڈالی، جبکہ اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے ساتھ ملاقات میں پانڈا بانڈ اور یوروبانڈ کے اجراء پر گفتگو کی۔

دن کے اختتام پر پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں وزیر خزانہ نے پاکستانی کاروباری شخصیات کو ملکی معیشت، اصلاحات، اور سرمایہ کاری کے مواقع پر بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکس نظام کی بہتری، توانائی اصلاحات اور کاروباری ماحول کی آسانی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔

Author

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں…
Leave A Reply

Your email address will not be published.