فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی صدر مملکت سے ملاقات
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایوان صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور ملک کی مجموعی داخلی اور خارجی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل نے افغان طالبان حکومت کے جارحانہ اور اشتعال انگیز اقدامات کے نتیجے میں پیدا ہونے والی موجودہ سلامتی کی صورتحال اور پاک فوج کی جانب سے دیے گئے موٴثر اور مناسب جوابی اقدامات سے بھی صدر مملکت کو آگاہ کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کی مسلح افواج کی طاقت، بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور تیاری پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ صدر مملکت نے خاص طور پر افغان سرحد پر ہونے والے سرحد پار حملوں کو بروقت اور مؤثر انداز میں ناکام بنانے پر افواجِ پاکستان کی تعریف کی اور عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہر قیمت پر اپنی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا دفاع کرے گا۔