پاکستان آرمی نے ویلز میں عالمی مشق ’’کیمبریئن پیٹرول 2025‘‘ میں گولڈ میڈل جیت لیا
پاکستان آرمی کی ٹیم نے برطانیہ کے شہر ویلز میں 3 سے 13 اکتوبر 2025 تک ہونے والی “ایکسریز کیمبریئن پیٹرول 2025” میں طلائی تمغہ (گولڈ میڈل) جیت لیا۔اس سال یہ مشق اپنی 66ویں سالگرہ منارہی تھی۔
یہ مشق اپنی پیشہ ورانہ اور سخت ترین معیار کے باعث دنیا بھر میں منفرد حیثیت رکھتی ہے، جس میں شریک دستوں کو دشوار گزار اور پہاڑی علاقوں سے 60 کلومیٹر کا فاصلہ 48 گھنٹوں میں طے کرتے ہوئے متعدد خصوصی عسکری مشن مکمل کرنا ہوتے ہیں۔
اس سال دنیا کے 36 ممالک سے 137 ٹیموں نے اس بین الاقوامی مشق میں حصہ لیا۔ ان میں سے پاکستان آرمی کی ٹیم، جس کی قیادت کیپٹن محمد سعد نے کی، نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔
یہ کامیابی پوری قوم اور پاکستان آرمی کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ پاکستان آرمی ہمیشہ اپنی پیشہ ورانہ مہارت، اعلیٰ تربیت اور نظم و ضبط کے باعث دنیا بھر میں منفرد مقام رکھتی ہے اور مستقبل میں بھی وطنِ عزیز کا پرچم سربلند رکھے گی۔