پاک افغان سرحد پر پاکستان کی جوابی کارروائی، 200 سے زائد طالبان ہلاک، 23 فوجی شہید

پاک افغان سرحد پر پاکستان کی جوابی کارروائی، 200 سے زائد طالبان ہلاک، 23 فوجی شہید

کوئٹہ: پاک فوج نے افغانستان کی طرف سے بلا اشتعال فائرنگ کے جواب میں بھرپور کارروائی کرتے ہوئے 200 سے زیادہ طالبان اور منسلک دہشت گردوں کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کردیا، جب کہ پاکستان کے 23 بہادر جوان جام شہادت نوش ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افغان طالبان اور فتنۃ الخوارج نے رات کے وقت سرحد کے ساتھ بلا اشتعال حملے کیے، جن کا مقصد سرحدی علاقوں کو غیر مستحکم کرنا اور دہشت گردی کی سہولت کاری کرنا تھا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ چوکس مسلح افواج نے حملے کو فیصلہ کن طور پر پسپا کیا اور جوابی کارروائی میں طالبان فورسز اور خوارجیوں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا۔ کارروائی میں فائرنگ، حملے اور طالبان کیمپ، چوکیوں اور تربیتی مراکز پر چھاپے شامل تھے، جبکہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے گئے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ افغان سرحد کے ساتھ دشمن کی 21 چوکیوں پر قبضہ حاصل کیا گیا اور متعدد طالبان کے ٹھکانے، تربیتی کیمپ اور دہشت گرد تنظیموں کا بنیادی ڈھانچہ تباہ کیا گیا۔ جھڑپوں کے دوران 29 فوجی زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہمیشہ اپنے عوام کی حفاظت اور ملک کی علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے تیار ہیں اور دہشت گردی کے خطرات کو شکست دینے کا عزم برقرار ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان تشدد کی بجائے تعمیری سفارت کاری اور بات چیت کو ترجیح دیتا ہے، لیکن افغانستان کی سرزمین کا پاکستان کے خلاف دہشت گردانہ استعمال برداشت نہیں کرے گا۔ انہوں نے طالبان حکومت پر زور دیا کہ وہ فتنۃ الخوارج، داعش اور دہشت گرد تنظیموں کے خاتمے کے لیے فوری اور قابل تصدیق اقدامات کرے۔

آئی ایس پی آر نے خبردار کیا کہ اگر طالبان حکومت بھارت کے ساتھ مل کر دہشت گرد تنظیموں کی سرپرستی جاری رکھتی ہے تو پاکستان افغانستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آرام سے نہیں بیٹھے گا۔

Author

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں…
Leave A Reply

Your email address will not be published.