ایف سی حوالدار جمعہ خان مری وفات پا گئے،فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک
کوہلو (احمد مری) ایف سی بلوچستان ساوتھ میں خدمات انجام دینے والے 88 ونگ دشت اسکاؤٹ کے حوالدار جمعہ خان مری طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے مرحوم کوئٹہ کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے مرحوم کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے کوہلو میں ادا کی گئی جس میں ونگ کمانڈر میوند بریگیڈ لیفٹننٹ کرنل طحہ علی خان سمیت ایف سی کے افسران، عسکری حکام، قبائلی عمائدین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی مرحوم کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا
جبکہ ایف سی بلوچستان کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اس موقع پرکمانڈر 12 کور لیفٹننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان، آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ میجر جنرل محمد عاطف اور کمانڈنٹ میوند بریگیڈ کرنل فاروق اشرف کی جانب سے پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے جو مرحوم کی قبر پر رکھے گئےعسکری حکام نے اس موقع پر کہا کہ حوالدار جمعہ خان مری جیسے بہادر اور فرض شناس جوان ایف سی بلوچستان کا فخر ہیں جنہوں نے اپنی زندگی ملک و قوم کی خدمت کے لیے وقف کر دی مقامی قبائلی عمائدین اور شہریوں نے بھی مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں اور خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔