سعودی سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرتے ہیں،وزیر خزانہ
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں سعودی سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرتے ہیں اور حکومت ان کے لیے سرمایہ کاری کے سازگار مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ورچوئل خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ سعودی عرب کا ویژن 2030 عالمی سطح پر ایک مثالی ترقیاتی ماڈل بنتا جا رہا ہے، اور پاکستان اس ویژن سے سیکھنے اور باہمی اشتراک کو فروغ دینے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
محمد اورنگزیب نے بتایا کہ تین بڑی عالمی ریٹنگ ایجنسیوں نے حالیہ دنوں میں پاکستانی معاشی اشاریوں کو مثبت قرار دیا ہے، جو ملک کی معیشت کے مستقبل کے حوالے سے ایک حوصلہ افزا اشارہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اب برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے ماڈل کو اپنانے کے لیے پُرعزم ہے، تاکہ پائیدار اقتصادی بہتری حاصل کی جا سکے۔
وزیر خزانہ کے مطابق حکومت توانائی، ٹیکس اور دیگر معاشی شعبوں میں بنیادی اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل کر رہی ہے، اور یہ عمل متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان پالیسی اقدامات کی بدولت ملک نے معاشی استحکام حاصل کر لیا ہے اور اب معیشت مزید بہتری کی جانب گامزن ہے۔
محمد اورنگزیب نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ ملک کو اب بھی سیلاب زدگان کی بحالی جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، اور حکومت ان مسائل سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائے ہوئے ہے۔