ماسکو میں افغان و روسی وزرائے خارجہ کی ملاقات، امن و استحکام پر اتفاق
افغان وزیرِ خارجہ مولوی امیر خان متقی نے ماسکو فارمیٹ اجلاس کے موقع پر اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے افغانستان میں پائیدار امن و استحکام پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران سرگئی لاوروف نے افغانستان کے اندرونی استحکام، انسدادِ دہشت گردی اور منشیات کے خلاف امارتِ اسلامیہ کی کوششوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ اقدامات خطے میں امن کے فروغ کا سبب بنیں گے۔
مولوی امیر خان متقی نے روس کی جانب سے امارتِ اسلامیہ کی حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے پر شکریہ ادا کیا اور اسے تاریخی اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ روس کا یہ فیصلہ افغانستان کے عوام کے اعتماد میں اضافے اور عالمی برادری میں مثبت تبدیلی کا باعث بنے گا۔
افغان وزیرِ خارجہ نے کہا کہ خطے میں پائیدار ترقی کا انحصار امن و استحکام پر ہے، اور افغانستان اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ مضبوط تعلقات کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔