وزیراعظم شہباز شریف ملائیشیا کا دورہ مکمل کرکے وطن واپس روانہ
وزیراعظم محمد شہباز شریف ملائیشیا کا سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہوگئے۔
ملائیشیاء کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم نے خود کوالالمپور کے بنگا رایا ایئرپورٹ پر پہنچ کر وزیراعظم پاکستان کو پرتپاک انداز میں الوداع کہا۔ دورہ انتہائی گرم جوشی اور باہمی خیرسگالی کے ماحول میں مکمل ہوا۔
وزیراعظم شہباز شریف کو ان کی رہائش گاہ سے ائیرپورٹ تک غیر معمولی سرکاری پروٹوکول دیا گیا۔ رخصتی کے موقع پر ملائیشیا میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر سید احسن رضا اور سفارتی عملہ بھی موجود تھا۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے پتراجایا میں ملائیشیا کے وزیراعظم سے دوطرفہ ملاقات کی، جس میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا اور کئی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔
شہباز شریف نے پاکستان–ملائیشیا بزنس اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس میں شرکت کی، جبکہ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی ملائیشیا نے انہیں لیڈرشپ اور گورننس میں اعزازی پی ایچ ڈی ڈگری سے نوازا۔
یہ دورہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان بڑھتے ہوئے سفارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔