جام کمال اور ملائیشین وزیرِ ڈیجیٹل کی ملاقات، ڈیجیٹل تعاون بڑھانے پر اتفاق
وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے ملائیشیا کے وزیرِ ڈیجیٹل گووبند سنگھ دیو سے ملاقات کی۔ ملاقات پاکستان۔ملائیشیا بزنس اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس کے موقع پر ہوئی۔
دونوں وزراء نے ڈیجیٹل تبدیلی، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں ای۔کامرس، سائبر سکیورٹی، مصنوعی ذہانت اور فائیو جی انفراسٹرکچر میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
جام کمال خان اور گووبند سنگھ دیو نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعظم انور ابراہیم کی حالیہ ملاقات کو دوطرفہ تعلقات کے لیے خوش آئند قرار دیا۔
دونوں رہنماؤں نے کہا کہ پی@شا اور پیکوم کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MoU) سے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان ڈیجیٹل تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
بعد ازاں دونوں وزراء نے ٹیک کنیکٹ کانفرنس کا افتتاح کیا، جس میں پاکستان اور ملائیشیا کی نمایاں ٹیکنالوجی کمپنیوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے آئی ٹی اور ڈیجیٹل معیشت میں تعاون کے نئے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔