بِٹ کوائن کی قیمت تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
ویب ڈیسک: دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی بِٹ کوائن (Bitcoin) نے ایک بار پھر عالمی مارکیٹ میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ اتوار کی صبح عالمی وقت کے مطابق 5 بج کر 12 منٹ پر بِٹ کوائن کی قیمت 2.7 فیصد اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 25 ہزار 245 امریکی ڈالر تک جا پہنچی، جو اس کی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔
یہ سطح اگست میں قائم ہونے والے 1 لاکھ 24 ہزار 480 ڈالر کے سابقہ ریکارڈ کو بھی پیچھے چھوڑ گئی۔
مالیاتی ماہرین کے مطابق یہ اضافہ امریکی حکومت کی نئی کرپٹو پالیسی میں نرمی، بڑے ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی دلچسپی اور اسٹاک مارکیٹ کی مثبت کارکردگی کا نتیجہ ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے کرپٹو کرنسی کے لیے نرم ضوابط کی حمایت کا اشارہ دیا ہے، جس کے بعد سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد نے مارکیٹ میں واپسی شروع کر دی ہے۔
اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ جمعے کے روز بِٹ کوائن مسلسل آٹھویں دن اوپر گیا، جو گزشتہ سال کے بعد سب سے طویل مثبت تسلسل ہے۔
ماہرین کے مطابق کرپٹو ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز (ETFs) میں بڑھتی سرمایہ کاری نے مارکیٹ میں نئی تیزی پیدا کی ہے۔
دوسری جانب امریکی ڈالر مسلسل دباؤ میں ہے اور جمعے کے روز بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں کئی ہفتوں کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق امریکی حکومت کے ممکنہ شٹ ڈاؤن، روزگار کے اعداد و شمار میں تاخیر اور معاشی غیر یقینی صورتحال کے باعث سرمایہ کار متبادل ذرائع، خصوصاً بِٹ کوائن میں سرمایہ لگا رہے ہیں۔
مالیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو بِٹ کوائن آنے والے ہفتوں میں 1 لاکھ 30 ہزار ڈالر کی حد عبور کر سکتا ہے، جو عالمی کرپٹو مارکیٹ میں ایک نیا سنگ میل ہوگا۔