حکومتِ پاکستان اساتذہ کے احترام و فلاح کی ضامن ہے، وزیراعظم
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان آج دنیا کے ساتھ مل کر دنیا بھر کے اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے اور ان کی گراں قدر خدمات کا اعتراف کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس سال 2025 کا عالمی دن “تدریس کو باہمی تعاون اور مشترکہ پیشہ کے طور پر اجاگر کرنے” کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، جو تعلیم، اساتذہ اور اداروں کے درمیان ہم آہنگی کی اہمیت کو نمایاں کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدید اور مؤثر تدریسی نظام ہی قوم کی انفرادی و اجتماعی ترقی کی بنیاد ہے۔ اساتذہ قوموں کی فکری، علمی اور اخلاقی تربیت میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومتِ پاکستان تعلیمی نظام کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ نئی نسل بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکے۔
انہوں نے معاشرے سے اپیل کی کہ وہ اساتذہ کے احترام، عزت اور وقار کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اساتذہ کی معاشی آسودگی، پیشہ ورانہ ترقی اور ان کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ کے حقوق کے تحفظ اور تعلیم کے عالمی معیار کے فروغ کے لیے بین الاقوامی تعاون ضروری ہے تاکہ روشن اور پائیدار مستقبل کی بنیاد رکھی جا سکے۔