شیرانی آپریشن: 7 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد ہلاک
بلوچستان کے ضلع شیرانی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ سات دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یکم اکتوبر کو دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے میں سات دہشتگرد مارے گئے جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا۔
بیان میں کہا گیا کہ ہلاک دہشتگرد علاقے میں متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے، مزید دہشتگردوں کی تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا خاتمہ کیا جائے گا اور سہولت کاروں کو انجام تک پہنچایا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فورسز نے بروقت کارروائی سے دشمن کے عزائم ناکام بنا دیے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن قائم کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور کامیابیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں اور قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔