خضدار: خواتین کے بھیس میں دہشتگرد گرفتار
خضدار کے نواحی علاقے نور گامہ زہری میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بی ایل اے سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کی فرار کی کوشش ناکام بنا دی۔ ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگرد خواتین کا روپ دھار کر مقامی آبادی میں پناہ لینے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم فورسز کی مستعدی کے باعث انہیں گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ گرفتار افراد میں ایک افغان شہری بھی شامل ہے جس سے مزید تفتیش جاری ہے۔ دہشتگردوں نے فرار کے دوران خواتین اور بچوں کو انسانی ڈھال بنانے کی کوشش بھی کی مگر سیکیورٹی اہلکاروں کی حکمتِ عملی نے ان کی سازش کو ناکام بنا دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں امن کے قیام تک دہشتگردوں کے خلاف آپریشنز بھرپور عزم اور تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے۔