فلپائن میں زلزلہ: 69 ہلاکتیں، درجنوں عمارتیں منہدم
مانِلا: فلپائن میں ایک شدت 6.9 کا زلزلہ آیا جس کے نتیجے میں متعدد عمارتیں زمین بوس ہو گئی ہیں اور ہلاکتوں کی تعداد 69 تک پہنچ گئی۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ رات 10 بجے آیا، جس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی اور مرکز شہر بوگو کے شمال مشرق میں 17 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا۔
وسطی ساحلی علاقے میں زلزلے کے باعث باسکٹ بال میچ کے دوران ایک اسپورٹس کمپلیکس گر گیا۔ علاوہ ازیں گرجا گھر، پل اور سڑکیں بھی شدید نقصان کا شکار ہوئیں جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوئے۔
زلزلے کے بعد متعدد آفٹر شاکس بھی محسوس کی گئیں۔ حکام نے سیبو میں ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے اسکولز اور سرکاری دفاتر بند کر دیے ہیں۔ ملبے تلے دبے افراد کو بچانے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، اور حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔