فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف، ٹرمپ نے اعزاز قرار دے دیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے میری تعریف کسی بڑے اعزاز سے کم نہیں۔ واشنگٹن ٹائمز کے مطابق صدر ٹرمپ اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو جنوبی ایشیا میں نئی اسٹریٹیجک شراکت داری کے اہم ستون قرار دیا جا رہا ہے۔
امریکی فوجی جنرلز سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ تین روز قبل میری ملاقات پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ہوئی، اس موقع پر فیلڈ مارشل نے کہا کہ “آپ نے جنگ رکوا کر لاکھوں جانیں بچائیں، اگر جنگ ہو جاتی تو بہت بڑا نقصان ہوتا۔” صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ الفاظ میرے لیے سب سے بڑا اعزاز ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں نے دنیا کی سات بڑی جنگیں تجارت کی پیشکش کے ذریعے ختم کرائیں جن میں سب سے نمایاں پاک بھارت جنگ تھی جو ایٹمی تصادم میں بھی تبدیل ہو سکتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے باوجود دنیا نے میرے کردار کو نظرانداز کیا اور ممکنہ طور پر نوبیل انعام ایسے شخص کو دے دیا جائے گا جس نے کوئی بڑا کام نہیں کیا۔ یہ امریکی عوام کے ساتھ ناانصافی اور توہین کے مترادف ہوگا۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ حال ہی میں غزہ کی جنگ بھی میں نے ختم کرائی لیکن پھر بھی مجھے نوبیل انعام سے محروم رکھا جائے گا۔ تاہم فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف میرے لیے دنیا کے کسی بھی انعام سے زیادہ بڑی ہے۔