پاکستان کا فتح-4 کروز میزائل کا کامیاب تجربہ
پاکستان نے مقامی طور پر تیار کردہ فتح-4 گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ یہ میزائل 750 کلومیٹر تک اپنے ہدف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فتح-4 جدید ایویونکس اور نیوی گیشنل سسٹمز سے لیس ہے جو دشمن کے میزائل دفاعی نظام کو ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ زمین کے ساتھ ساتھ پرواز کرنے کی خصوصیت اسے مزید مؤثر بناتی ہے۔
ترجمان کے مطابق یہ تجربہ آرمی راکٹ فورس کمانڈ کے تحت کیا گیا جس سے پاکستان آرمی کے روایتی میزائل سسٹمز کی رینج، مہارت اور بقا کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔
تجربے کا مشاہدہ چیف آف جنرل اسٹاف سمیت پاک فوج کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔
صدرِ پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور سروسز چیفس نے کامیاب تجربے پر فوجی جوانوں، سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی۔