کوہلو میں 5 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید بس اینڈ ٹرک اڈے کا افتتاح
کوہلو (احمد مری) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور سیکرٹری فنانس عمران زرکون کی خصوصی کوششوں سے ضلع کوہلو میں 5 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا جدید بس اینڈ ٹرک اڈا فعال کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر کوہلو عظیم جان دومڑ اور ونگ کمانڈر کرنل طحہ علی خان نے اڈے کا افتتاح کیا۔ تقریب میں ضلعی انتظامیہ، قبائلی عمائدین، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کوہلو عظیم جان دومڑ نے کہا کہ یہ منصوبہ کوہلو کے عوام کے لیے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ قریبی اضلاع میں ٹرک اور بس اڈے کی سہولت موجود نہیں لیکن کوہلو میں اس جدید اڈے کا قیام مقامی شہریوں کے لیے خوش آئند ہے۔ اس منصوبے سے نہ صرف سفری مسائل کم ہوں گے بلکہ تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔
اس اڈے میں شہریوں کی سہولت کے لیے بجلی اور سولرائزڈ سسٹم، کشادہ ویٹنگ رومز، مرد و خواتین کے علیحدہ واش رومز، پینے کے صاف پانی کے الیکٹرک کولرز، شہر تک فری پک اینڈ ڈراپ سروس اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ مسافروں کو آرام دہ اور محفوظ ماحول میسر آ سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت اڈے کے ساتھ سبزی اور فروٹ منڈی قائم کرنے پر غور کر رہی ہے جس سے مقامی کاشتکاروں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا اور علاقے میں معاشی سرگرمیوں کو تقویت ملے گی۔
سیاسی و سماجی حلقوں نے اس منصوبے کو کوہلو کے عوام کے لیے “گیم چینجر” قرار دیا اور کہا کہ اس اڈے کی بدولت نہ صرف سفری مشکلات کم ہوں گی بلکہ کوہلو ایک اہم تجارتی مرکز کی حیثیت بھی اختیار کرے گا۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور سیکرٹری فنانس عمران زرکون کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ کوہلو کی ترقی اور خوشحالی کی سمت ایک بڑا قدم ہے۔