بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں نایاب جنگلی بندر کو 60 گولیاں مارکر ہلاک کر دیا گیا
ضلع موسیٰ خیل کے علاقے زمری پلاسین میں مقامی افراد نے ایک نایاب جنگلی بندر کو 60 گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔ علاقہ مکینوں کے مطابق یہ بندر بار بار ان کے مال مویشیوں پر حملہ آور ہوتا رہا، جس کے باعث مقامی لوگوں نے اسے شکار کیا۔
عوام نے واقعے پر سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور متعلقہ محکموں سے مطالبہ کیا ہے کہ جنگلی حیات کے تحفظ کے قوانین کے تحت بندر کو قتل کرنے والے ملزمان کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے، تا کہ آئندہ نایاب جانوروں کا غیر قانونی شکار رک سکے۔
واضح رہے کہ موسیٰ خیل کے پہاڑی علاقے غیر قانونی شکار کے حوالے سے پہلے بھی متاثر رہے ہیں؛ ہارنڈ مارخور، چکور، بٹیر اور چیتے جیسے قیمتی شکار کی اطلاعات موصول ہوتی رہی ہیں، مگر مقامی حلقوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ ادارے مؤثر اقدامات نہیں کر رہے۔