’میرا گھر میرا آشیانہ‘ اسکیم دوبارہ بحال، عوام کیلئے بڑی سہولت
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے پہلی مرتبہ گھر خریدنے والے شہریوں کے لیے ’میرا گھر میرا آشیانہ‘ اسکیم دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔ اس اسکیم کے تحت درخواست دہندگان 20 لاکھ سے 35 لاکھ روپے تک قرض حاصل کر سکیں گے۔
اعلامیے کے مطابق یہ قرض گھر، فلیٹ یا پلاٹ خریدنے کے علاوہ تعمیرات کے لیے بھی دستیاب ہوگا۔ اسکیم کے تحت زیادہ سے زیادہ 5 مرلہ (1360 مربع فٹ) تک کے گھر یا فلیٹ کی خریداری کی اجازت ہوگی۔ قرض کی مدت 20 سال رکھی گئی ہے جبکہ حکومت پہلے 10 سال تک سبسڈی فراہم کرے گی۔
مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ ملک کے تمام روایتی اور اسلامی بینک، مائیکرو فنانس بینک اور ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن (HBFC) اس اسکیم کے تحت قرض جاری کریں گے۔ قرض کی قیمت کا تعین کائیبور پلس 3 فیصد پر ہوگا۔ صارفین کو 20 لاکھ روپے تک قرض 5 فیصد اور 35 لاکھ روپے تک قرض 8 فیصد شرح سود پر دستیاب ہوگا۔
اسٹیٹ بینک نے واضح کیا ہے کہ اسکیم کے تحت قرض کی پروسیسنگ پر کوئی فیس نہیں لی جائے گی، تاکہ متوسط اور نچلے طبقے کے شہری آسان شرائط پر اپنا گھر حاصل کر سکیں۔